کراچی… شہنشاہ غزل مہدی حسن طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے ہیں۔ وہ کراچی کے ایک نجی اسپتال میں زیر علاج تھے اور فالج اور سانس کی تکلیف میں مبتلا تھے ۔ مہدی حسن 18جولائی1927کو راجستھان (بھارت) ضلع جے پورکے گاؤں جھنجھرومیں پیدا ہوئے، اور پاکستان کے قیام کے بعد ہی یہاں آگئے تھے۔ انہوں نے 8سال کی عمر میں پہلی بار پرفام کیا تھا جبکہ غزل گائیکی کا آغاز ریڈیو پاکستا ن سے1957میں کیا۔ ان کا موسیقی کے معروف گھرانے کلاونت سے تعلق تھا،موسیقی کی ابتدائی تعلیم والد عظیم خان اور چچا اسماعیل خان سے حاصل کی،ریڈیوپر ”گُلوں میں رنگ بھرے بادِ نور بہار چلے“ پہلی مشہور غزل تھی ، فلمی گائیکی کی ابتداء فلم ”شکار“ سے کی۔ مہدی حسن نے 325 سے زائد فلموں میں بے شمار مقبول گانے گائے۔انہوں نے تمغہٴ حسن کارکردگی اور ہلالِ امتیاز سمیت تمام نمایاں قومی سطح کے ایوارڈ حاصل کیے، جن میں 9 نگار ایوارڈ بھی شامل ہیں، حکومت نیپال نے سب سے بڑا سویلین ایوارڈ ”گورکھا دکشن باہو“ دیاجبکہ بھارت میں انہیں ”سہگل ایوارڈ“ سے نوازا گیا۔انہوں نے امریکا، برطانیہ، مڈل ایسٹ، بھارت، بنگلہ دیش، جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا وغیرہ میں اپنے فن کا جادو جگایا۔